لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے نواز شریف کو جیل میں استحقاق کے مطابق سہولیات دینے کے لئے نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ دیا۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کو جیل میں ان کے استحقاق کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں، نواز شریف کو دل کا عارضہ ہے، انہیں ذاتی معالج کی طرف سے تواتر کیساتھ طبی معائنے اور ادویات کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ ن سوات کے منگلور کرکٹ گراونڈ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کریگی۔ منگلور میں جلسے سے ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف خطاب کرینگے، میاں شہباز شریف این اے تھری سے اپنے انتخابی مہم کا آغاز بھی کرینگے، جلسہ گاہ کو ن لیگ کے جھنڈوں اور بینروں سے سجا دیا گیا۔
یاد رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو 10 سال قید، ایک ارب 29 کروڑ روپے جرمانہ، مریم نواز کو سات سال قید، 32 کروڑ روپے جرمانہ، شریف فیملی کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔ عدالت نے کیس کے شریک ملزموں حسین اور حسن نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے تھے۔