کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے اربوں روپے کی مبینہ غیر قانونی ٹرانزیکشن کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو کل طلب کرلیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو کل بیان ریکارڈ کیلئے طلب کیا گیا ہے، ایف آئی اے نے دونوں کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے۔ آصف زرداری اور فریال تالپر کے اکاؤنٹس میں بھاری رقوم کی ٹرانزیکشن کیسے ہوئی، اس پر ایف آئی اے حکام دونوں سے تفتیش کریں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام سٹاپ لسٹ میں شامل
یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے حکم پر زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت 7 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت 7 افراد کے نام پہلے سٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے تھے۔ عدالت کے تحریری فیصلے پر نام ای سی ایل میں ڈالے گئے۔
وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع نے روزنامہ ’دنیا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں سے کوئی بھی بیرون ملک نہیں جا سکے گا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کا ایک طریقہ کار ہے لیکن جب ملک کی سب سے بڑی عدالت احکامات صادر کر دے تو اس کے بعد کوئی قانونی سقم نہیں رہتا۔
جن افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ان میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ چیئرمین سمٹ بینک نصیر عبداللہ لوتھا، انور مجید، طہٰرضا، اسلم رضا، عدیل شاہ راشدی شامل ہیں۔