یو این انڈر سیکرٹری کا دورہ پاکستان، عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقات

Last Updated On 02 July,2018 10:29 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل جین پیری کا دورہ پاکستان، عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں، امن مشن میں پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے یو این امن مشن جین پیری نے وفد کے ہمراہ سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلٹی کا دورہ کیا اور پاکستانی پیس کیپرز کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ جین پیری نے بین الاقوامی امن کیلئے پاکستانی مسلح افواج کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔

سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی 2013 میں قائم کیا گیا، یہ ادارہ قومی و بین الاقوامی پیس کیپرز کو تربیت فراہم کرتا ہے۔ اس ادارے کا افتتاح یو این سیکرٹری جنرل بانکی مون نے کیا تھا۔ پاکستان نے یو این کے 44 سے زائد امن مشنز میں حصہ لیا۔ وفد نے انسانیت کیلئے قربان ہونے والے 156 پاکستانی پیس کیپرز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس سے قبل انڈر سیکرٹری جنرل نے وزیرِ داخلہ، وزیرِ خارجہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف فورمز پر موثر کردار ادا کر رہا ہے، مختلف شعبوں میں طویل شراکت داری کے ساتھ ساتھ امن مشنوں میں پاکستان کا کردار نمایاں ہے۔

 

یو این انڈر سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عالمی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں، امن مشنوں میں 156 اہلکاروں کی شہادت قابل تحسین ہے۔سیکرٹری خارجہ کی طرف سے انڈر سیکرٹری اور وفد کو عشائیہ بھی دیا گیا۔