عمران خان کو لاہورسے نفرت ہے اور اس کی ترقی بری لگتی ہے

Last Updated On 22 June,2018 10:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ ووٹ کی حفاظت کرنا اور ڈلیور کرنا ہمارا کام ہے۔ میرے مخالف نے 5 سال اس اسمبلی کو گالیاں دیں، جس کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں جو حلقے کا حدود اربعہ نہیں جانتا وہ لوگوں کے مسائل کیا حل کرے گا۔

لاہور کے علاقہ نشاط کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ ہم اورنج لائن بناتے ہیں عمران خان عدالت میں مقدمہ کر دیتے ہیں۔ ہم نے 5 سال بہت کام کیا ہے، کام کو ہی ووٹ ملے گا۔ کسی نے عمران کو بتا دیا ہے کہ اب کام آسان ہو گیا آپ حلقے میں کھڑے ہو جائیں۔ شہباز شریف اور پرویز خٹک کی کارکردگی کا کوئی مقابلہ نہیں۔ عمران کی ساری پروڈکشن گالی کی ہے، ہماری ساری پروڈکشن تعمیر و ترقی ہے۔ ہم مزید ڈیم بنائیں گے اور پانی کے نئے ذخائر بھی تیار کریں گے۔ بجلی پیداکرنے کے بعد ہمارا اگلا قدم، بجلی سستی کرنا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں آدم خور چوہے پیدا ہو گئے،ہم نے ڈینگی کو ختم کیا۔اب عمران خان الیکشن لڑنے آ گئے ہیں جنہیں اچیاں پیلیاں اور نشاط کالونی کا ہی علم نہیں۔ جو حلقے کے حدود اربعہ کو نہیں جانتا وہ لوگوں کے مسائل کیا حل کرے گا۔ کسی بھی کام میں ہاتھ ڈالتے ہیں تو پکا ہاتھ ڈالتے ہیں، کام مکمل کرتے ہیں۔ ہم نے الیکشن میں نفرت کے بیج بونے والوں کو فارغ کرنا ہے۔