نیب نے علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کا منسوخ شدہ ڈیزائن منظور کرنے کا نوٹس لے لیا

Last Updated On 21 June,2018 10:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علیم خان کی اسلام آباد میں ہاؤسنگ سوسائٹی کا منسوخ شدہ ڈیزائن منظور کرنے کا نوٹس لے لیا۔ آمدن سے زائد اثاثوں کی شکایات پر شرجیل میمن کے خلاف بھی انکوائری ہوگی۔

نیب ان ایکشن، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے رہنماء شکنجے میں آگئے۔ چیئرمین نیب نے علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے منسوخ شدہ ڈیزائن کی منظوری کا نوٹس لے لیا۔ شرجیل میمن کے خلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم بھی دے دیا۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ سی ڈی اے بورڈ نے قواعد و ضوابط کے برعکس علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے منسوخ شدہ ڈیزائن کی منظوری کیسے دی؟ ڈی جی نیب راولپنڈی معاملے کی انکوائری کریں۔ شرجیل میمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی شکایت پر بھی چئیرمین نے ڈی جی نیب کراچی کو جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر انوشہ رحمان بھی نیب راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہوئیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے انوشہ رحمان کو سوالنامہ تھماتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 14 روز میں تحریری جواب جمع کرایا جائے۔ سابق وفاقی وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے تھری اور فور جی لائسنس کی فروخت کے غیرقانونی ٹھیکے دیے۔