چودھری نثار کی ٹکٹ کا فیصلہ شریف برادران کریں گے، رانا ثنا اللہ

Last Updated On 05 June,2018 10:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چودھری نثار نے اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نشان پر الیکشن لڑنا ہے تو اس کا فیصلہ نواز شریف اور شہباز شریف ہی کریں گے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ چودھری نثار کے حلقے میں اگر ڈویلپمنٹ ہوئی ہے تو (ن) لیگ کی وجہ سے ہی ہوئی۔ انہوں نے اگر (ن) لیگ کے نشان پر الیکشن لڑنا ہے تو فیصلہ نواز شریف اور شہباز شریف ہی کریں گے۔ ان کی ٹکٹ کا معاملہ پارلیمانی بورڈ میں نہیں آئے گا۔

سابق وزیرِ قانون پنجاب نے کہا کہ 70 فیصد لوگوں کی ٹکٹ کنفرم ہیں تاہم جب تک امیدوار سکروٹنی سے کلیئر نہیں ہوتے تب تک ٹکٹ جاری نہیں کیا جا سکتا۔ 14 جون تک سکروٹنی کا عمل جاری رہے گا۔ ڈسٹرکٹ کمیٹیوں نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے اور اپنی رپورٹ پارلیمانی بورڈ کو دیدی ہے۔ اگلے دو یا تین دنوں تک پارلیمانی بورڈ میں امیدوار شارٹ لسٹ ہو جائیں گے۔ 29 جون تک پارٹی ٹکٹ جاری کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کسی بھی حلقے میں امیدوار کی کمی کا سامنا نہیں ہے۔ پارٹی سے جانے والے ہر مرتبہ جاتے ہیں۔ جنوبی پنجاب سے جانے والے بہت سارے آزاد امیدوار تھے۔

دیگر صوبوں میں انتخابی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں شاید تینوں صوبوں والی ہماری پوزیشن نہیں ہے تاہم ہمیں وہاں سے بھی سیٹیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اس دفعہ بڑی امید ہے۔ ہم وہاں سے قومی اسمبلی کی سیٹیں بھی جیتیں گے اور آنے والی حکومت میں بھی ہمارا رول ہوگا۔