عمران خان کا کراچی کے این اے 243 سے الیکشن لڑنے پر غور

Last Updated On 04 June,2018 08:57 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کراچی کے حلقہ این اے 243 ضلع شرقی یا این اے 256 ضلع وسطی سے انتخابات میں حصہ لینے پر غور کر رہے ہیں اورحتمی اعلان آئندہ 48 گھنٹوں میں متوقع ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق یہ طے کر لیا گیا ہے کہ عمران خان ضلع وسطی اور ضلع شرقی کے کسی ایک حلقے سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے دو حلقے نظر میں ہیں، ایک ضلع شرقی کا موجودہ حلقہ این اے 243 ہے ، جو 2013 ء میں این اے 256 تھا، اس حلقے سے ایم کیوایم ایک لاکھ 51 ہزار 788 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی تھی، جب کہ پی ٹی آئی کے محمد زبیر خان کو 69 ہزار ووٹ ملے تھے۔ یہ حلقہ ضلع شرقی گلشن اقبال کے مختلف علاقوں پر مشتمل ہے۔

دوسرا کراچی ضلع وسطی کا موجودہ حلقہ این اے 256 ہے، جو 2013 ء میں این اے 245 تھا۔ اس حلقے سے 2013 ء میں ایم کیو ایم کے ریحان ہاشمی ایک لاکھ 15 ہزار 776 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، جب کہ پی ٹی آئی کے محمد ریاض حیدر 54 ہزار 937 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے، اسی حلقے سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی بھی 22 ہزار 452 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ یہ حلقہ نارتھ ناظم آباد ،ناظم آباد اور دیگر علاقوں پر مشتمل ہے۔