لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن نے میانی صاحب قبرستان کی اراضی پر تجاوزات کے معاملے پر دنیا نیوز کی خبر پر ایکشن لے لیا۔
کمیشن کے سربراہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل امتیاز کیفی وفد کے ہمراہ میانی صاحب پہنچ گئے۔ اس موقع پر سربراہ کمیشن امتیاز کیفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا لاہور نیوز نے میانی صاحب قبرستان اراضی پر قبضے سے متعلق اہم انکشافات کیے، میانی صاحب سمیت تمام قبرستانوں کی اراضی پر قبضہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میانی صاحب قبرستان کی باؤنڈری والی کی 400 کنال جگہ ہے جس کی تصدیق ہونی چاہیئے، قبرستان میں احاطہ بنانے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے، احاطہ بنانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:تاریخ میں پہلی مرتبہ عدالتی حکم پرمیانی صاحب قبرستان کی چار دیواری مکمل
یاد رہے دنیا نیوز میانی صاحب قبرستان کی اراضی پر قبضے کا معاملہ سامنے لے کر آیا تھا۔ 456 احاطوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا انکشاف کیا گیا، قبرستان میں احاطوں کی خلاف قانون بندر بانٹ کی گئی جبکہ امراء نے احاطوں پر اپنے نام بھی لکھوا لئے۔ با اثر لوگوں نے 1248 کنال اراضی پر پکی دیواریں بنا رکھیں ہیں۔