اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے فاٹا کے صبہ خیبر پختونخوا میں انضمام کیلئے آئینی ترمیم کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کے زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں مکمل انضمام کیلئے آئینی ترمیم کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت نے اپنے سیاسی حریفوں کو خوش کرنے کے لئے فاٹا کے انضمام کے عمل کو تعطل کا شکار کیا۔ پختون عوام کے نقصان کی ذمہ داری نواز شریف، فضل الرحمن اور محمود اچکزئی جیسے لوگوں پر عائد ہوتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات اور خیبر پختونخوا میں فاٹا کا انضمام تحریکِ انصاف کے منشور کا اہم جزو ہے۔ تحریک انصاف نے 2016ء میں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی تجویز دی، اس تجویز پر عملدرآمد کرتے ہوئے فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنا دیا جاتا تو ملک آج مستحکم ہوتا
ان کا کہنا تھا کہ آج فاٹا میں بہت بڑے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انضمام کے عمل میں ہونے والے تاخیر سے فاٹا کے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ فاٹا کے پختونخوا میں انضمام ہی سے قبائلی عوام انتظامی اور معاشی طور پر بااختیار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف مجوزہ آئینی ترمیم میں اصلاح تجویز کرے گی اور فاٹا کے پختونخوا میں مکمل انضمام کا مطالبہ کرے گی۔ پارلیمانی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ آئینی ترمیم فوری طور پر منظور کی جائے، ترجمان آئینی ترمیم کی منظوری سے فاٹا کو پختہ فوری طور پر پختونخوا کا حصہ بنایا جائے۔