فاٹا: (دنیا نیوز) آپریشن ردالفساد میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، کرم ایجنسی میں دہشت گردوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا۔ تین دہشت گردوں کو اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخیرے سمیت دھرلیا گیا۔
ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری، کرم ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، خفیہ اطلاعات پر کارروائی میں 3 دہشتگرد گرفتار کر لیے۔ گرفتار دہشتگردوں نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔ آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی پکڑا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیٹ ورک پارا چنار میں دہشت گردی کی 3 بڑی وارداتوں میں ملوث تھا۔ گرفتار دہشتگردوں نے خودکش حملوں، بارودی سرنگوں کے دھماکوں، کرم ایجنسی میں اسلحہ و گولہ بارود کی اسمگلنگ اور خرید وفروخت کا اعتراف کیا ہے۔ دہشتگردوں کی نشاندہی پر پکڑے گئے گولہ بارود میں بم، دھماکا خیز مواد، بارودی سرنگیں، بندوقیں اور گولیاں شامل ہیں۔ دہشت گردوں نے اسلحہ کا ذخیرہ زیر زمین چھپا رکھا تھا۔