رکن آزاد کشمیر اسمبلی کے گھر ملازمہ سے زیادتی اور ہلاکت

Last Updated On 08 May,2018 06:45 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) رکن آزاد کشمیر اسمبلی کے گھر ملازمہ سے زیادتی اور ہلاکت، پوسٹمارٹم رپورٹ میں کائنات کیساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔

دنیا نیوز نے آزاد کشمیر کے ایم ایل اے چوہدری محمد اسماعیل کے گھر ہلاک ہونے والی مسیحی گھریلو ملازمہ کی پوسٹمارٹم رپورٹ حاصل کر لی۔ رپورٹ میں لیڈی میڈیکل آفیسر نے متوفیہ کے ساتھ زبردستی جنسی زیادتی کی تصدیق کی ہے اور 17 سالہ کائنات کی موت کا سبب خودکشی کی بجائے گلا گھونٹنے کو قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق متوفیہ کی گردن پر موجود نشانات اسے گلا دبا کر قتل کرنے کی نشاندہی کرتے ہیں، جبکہ متوفیہ کی دونوں کلائیوں پر موجود زخموں کے نشانات زبردستی جنسی زیادتی کے دوران مزاحمت کے شاہد ہیں۔ رپورٹ میں تحریر ہے کہ جنسی تشدد کی تصدیق اور ڈی این اے رپورٹ کے لیے ڈیڈ باڈی سے حاصل کردہ نمونہ جات لاہور فرانزک لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔ جہاں سے رپورٹ آنے کے بعد جنسی تشدد اور قتل کرنیوالوں کا تعین کیا جا سکے گا۔