گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے پابندی کے باوجود بچے شب برات پر پٹاخے چلاتے رہے ، پولیس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر بیسیوں افراد کو گرفتار کر لیا۔
شب برات پر پٹاخوں اور آتش گیر مواد کی سرعام فروخت، ہاتھوں میں پٹاخے چلنے سے متعدد بچے جھلس گئے۔ بتایا گیا ہے کہ شب برات پر پٹاخے اور آتش گیر مواد فروخت کرنے پر پابندی تھی لیکن گزشتہ روز شہری پٹاخے ، پھلجھڑیاں ، اور انار سمیت دیگر بارود ی مواد خریدتے اور چلاتے رہے۔ دوسری طرف ہاتھوں میں پٹاخے چلنے سے متعدد بچے زخمی ہو گئے۔
گوجرانوالہ تھانہ سول لائن پولیس نے درجنوں کارٹن پٹاخے برآمدکرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ وزیرآباد میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10دکانداروں کوگرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔ سیالکوٹ میں آتشبازی کا سامان فروخت کرنے پر شہباز ذکاء اﷲ ، تنویر جاوید ،سجاد، اشرف،اسجد علی ، اسامہ، اﷲ دتہ کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے گئے۔ حافظ آباد ضلع میں27ملزمان کو گرفتارکرکے انکے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔