ہمت ہے تو بتائیں خلائی مخلوق کون ؟ چودھری شجاعت کا نواز شریف کو چیلنج

Last Updated On 05 May,2018 07:09 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی صدر چوھدری شجاعت حسین نے کہا ہے نواز شریف میں ہمت ہے تو بتائیں خلائی مخلوق کون ہے ؟ جن کو ساری عمر اُوپرسے حکم آتا رہا وہ بہتر جانتے ہیں کہاں سے حکم آیا ، ن لیگ کی حالت دیکھنے کیلئے کسی چشمے کی ضرورت نہیں۔

پشاور میں مسلم لیگ ق خیبرپختونخوا کے سیکرٹریٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوھدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ انتخابات کیلئے سیاسی اتحاد کرنا پڑا تو کریں گے، انتخابات ہوتے نظرآرہے ہیں یا نہیں اس کیلئے خاص عینک لگانی پڑے گی۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا نواز شریف کے خلائی مخلوق کا مطلب پاک فوج ہے، نواز شریف فوج کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، اداروں کو بدنام کرنے سے ملک بدنام ہوگا۔ انہوں نے کہا ساڑھے چار سال تک اقتدار پر بیٹھنے کے بعد انہیں اداروں کی ہرزہ سرائی سے گریز کرنا چاہئے، ن لیگ کا مستقبل خراب دکھائی دے رہا ہے۔

چوھدری شجاعت حسین نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ملسم لیگ ق کا نئے سرے سے آغاز کر رہے ہیں، پنجاب کی صوبائی کابینہ میں ہمارے دور کے 12 وزراء شامل ہیں، پرویزمشرف کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں، مگر ٹی وی پر ضرور دیکھتا ہوں۔