اسلام آباد میں غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کے اجراء پر پابندی ختم

Last Updated On 02 May,2018 07:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد میں غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کے اجراء پر عائد پابندی اٹھا لی۔ ضلعی انتظامیہ نے نئے لائسنس بنوانے کا طریقہ کار بھی جاری کر دیا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسلحہ لائسنسنگ پر عائد پابندی اٹھانے اور شہریوں کیلئے لائسنس کے اجراء کا طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ایس او پی کے مطابق اسلام آباد کے شہری غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ کے لائسنس کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دیں گے۔

شہری درخواست کے ساتھ تصاویر، شناختی کارڈ کی کاپی اور رہائشی ثبوت دیں گے۔ شہری شاٹ گن، نان آٹومیٹک اور پمپ ایکشن سمیت ریوالور، پستول اور رائفل کا لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔

درخواست دینے سے ایک ماہ کے اندر اسلحہ لائسنس کارڈ جاری کیا جائے گا۔ لائسنس مقامی پولیس سٹیشن اور سپیشل برانچ کی تصدیق کے بعد جاری ہوں گے۔ عام شہریوں کیلئے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہر ماہ ایک سو لائسنس جاری کئے جائیں گے۔

تمام دستاویزات مکمل اور پولیس تصدیق ہونے کے بعد نادرا چودہ دنوں میں لائسنس جاری کرے گی۔ اس کیلئے آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن کمپلیکس میں سیٹزن فیسیلیٹیشن سینٹر کا خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔