پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم مزدور آج منایا جا رہا ہے

Last Updated On 01 May,2018 10:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج (یکم مئی) عالمی یوم مزدوراں منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں میں عام تعطیل ہے۔ تمام سرکاری و غیر سرکاری ادارے بند رہیں گے۔ مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے ریلیاں اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

مختلف شہروں میں لیبر تنظیموں اور مزدوروں کے حقوق کیلئے کام کرنیوالی این جی اوز کے زیر اہتمام ریلیوں، واکس اور سیمینارز کا انعقاد کیاجائیگا۔ ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتیں بھی بند رہیں گی۔

سرخ پرچم دنیا بھر میں مزدوروں کی علامت ہے۔ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں 80 ہزار شہری سڑکوں پرنکلے اور لیبر ڈے کی یاد میں ریلیاں نکالیں۔ جنوبی کوریا کے شہر سئیول میں سٹی ہال کے باہر ملازمین نے مئی ڈے منایا۔ شرکاء نے مزدوروں کے حقوق اور ان کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔ فرانس کے شہر پیرس میں بھی شہریوں نے لیبر ڈے کے حوالے سے ریلیوں کا انعقاد کیا۔ کیوباکے شہر ہوانا میں ہزاروں افراد نے ریولوشن سکوائر کی جانب مارچ کیا۔

چین میں بھی لیبر ڈے کے حوالے سے تین چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ یوم مئی کا آغاز 1886ء میں محنت کشوں کی طرف سے ڈیوٹی 8 گھنٹے کرنے کے مطالبے سے ہوا۔ امریکا کے شہر شکاگو میں مزدوروں نے ہڑتال کر دی، 3 مئی کو منعقد مزدوروں کے احتجاجی جلسے پر حملہ ہوا جس میں چار مزدور ہلاک ہوئے۔ اس بربریت کے خلاف محنت کش مظاہرے، ریلیاں نکالتے اور تقاریب منعقد کرتے ہیں۔