پاک بحریہ کی جانب سے بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ترقیاتی کام

Last Updated On 14 April,2018 07:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملکی سمندری سرحدوں کی محافظ پاک بحریہ نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تعمیر و ترقی کیساتھ تعلیم اور صحت کی جدید سہولیات کا بیڑہ بھی اٹھا لیا۔ گوادر، اڑماڑہ اور تربت میں سکولز، کیڈٹ کالج اور جدید ہسپتال قائم کر دئیے۔

ملک کی سمندری حدود کی پاسبان پاک بحریہ ترقیاتی کاموں میں بھی پیش پیش، بلوچستان کی ساحلی پٹی پر تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کردیا۔ مکران ڈویژن میں تربت، گوادر، اڑماڑہ، پسنی و جیونی میں سمندر کی رعنائیاں قابل دید ہیں۔ ملک دشمنوں نے علاقے میں ترقی کا عمل معطل کیے رکھا، لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔

شورش کے خاتمے کیساتھ ہی بلوچستان کی ساحلی پٹی میں پاک بحریہ نے پانچ ماڈل سکول اور اڑماڑہ میں جدید ترین کیڈٹ کالج بنایا ہے۔ ان تعلیمی اداروں میں بلوچ نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر داخلے دئیے جا رہے ہیں۔ بلوچستان کے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاک بحریہ نے گوادر، اڑماڑہ اور تربت میں جدید ہسپتال بھی قائم کیے ہیں۔ خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے انہیں دستکاری سینٹرز میں خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔ پاک بحریہ نے علاقے کے انفراسٹکچر کو بہتر بناتے ہوئے کئی نئی سڑکیں بھی تعمیر کی ہیں۔