ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018ء کے دی بریف سیشن کا کراچی میں انعقاد ہوا جس کے مہمانِ خصوصی سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے۔ بحیرہ عرب میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین مشترکہ آپریشنز کی عملی طور پر جانچ کی گئی۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے درمیان باہمی ربط کے اعلیٰ معیار قائم کرنے کیلئے مشترکہ آپریشنز پر توجہ دی گئی۔ پاکستان نیوی بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل بحری قوت ہے جو دشمن کے کسی بھی جارحانہ اقدام کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تقاضا ہے کہ ہم اپنے آپریشنل منصوبوں کا بھرپور مشقوں اور سوچ بچار سے جائزہ لیتے رہیں۔ سربراہ پاک بحریہ نے مشق کے دوران جنگی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے والے بحریہ اور فضائیہ کے تمام افسران اور جوانوں کی کاوشوں کو سراہا۔