اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے مجوزہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی قرار داد منظور کر لی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کا کہنا ہے کہ بجٹ سے قبل ٹیکس ایمنسٹی لانا غیر قانونی ہے۔ رشید گوڈیل کہتے ہیں کہ چوروں کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اراکین نے غیر ملکی اثاثے ظاہر کرنے کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی مخالفت کر دی۔ پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ پارلیمنٹ سے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو چھپایا جا رہا ہے، اگر یہی رویہ جاری رہا تو پارلیمنٹ کا وقار ختم ہو جائے گا۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ شاہد خاقان عباسی مری میں بیٹھ کر ٹیکس ایمنسٹی سکیم جاری کر دیں۔
ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ کالے دھن کو سفید کرنے کی سکیم کی مخالفت کرتے ہیں۔ ایک عام پاکستانی کا کیا قصور ہے جو ٹیکس دے رہا ہے۔ ان چوروں کا ساتھ نہیں دے سکتے۔
دوسری جانب وزیرِ مملکت خزانہ نے سکیم کی حمایت کر دی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے رکن اسد عمر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ وزیرِ اعظم کابینہ کی مشاورت کے بغیر کسی کو فنڈز جاری نہیں کر سکتے۔ وزیرِ اعظم نے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے 65 ارب روپے کا صوابدیدی فنڈ بنا لیا ہے۔ وزیرِ اعظم اب اس فنڈ سے اپنے من پسند ایم این ایس کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر نواز رہے ہیں۔