حنیف عباسی کی یقین دہانی پر نابینا افراد کا 4 گھنٹے بعد دھرنا ختم

Published On 06 Mar 2018 12:10 PM 

راولپنڈی: (دنیا نیوز) نابینا افراد نے حنیف عباسی کی یقین دہانی کے بعد راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ پر جاری دھرنا 4 گھنٹے بعد ختم کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سابق ایم این اے حنیف عباسی اور میئر راولپنڈی سردار نسیم نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور نوکریوں کا مطالبہ پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

نابینا افراد نے الٹی میٹم دیا کہ نوکری اور لاہور میں گرفتار نابینا افراد کی رہائی کا وعدہ ایک دن میں پورا نہ کیا گیا تو مری روڈ کو دوبارہ بلاک کر دیں گے ۔ نابینا افراد کا کہنا تھا لاہور میں ملازمتوں کیلئے احتجاج کرنے والے نابینا افراد پر تشدد کیا گیا، حکومت جائز مطالبات ماننے کے بجائے تشدد پر اتر آئی ہے، ہمارا جائز حق دیا جائے۔

خیال رہے گزشتہ روز لاہور میں مطالبات کے حق میں نابینا افراد نے ایک بار پھر احتجاج کیا اور کئی مرتبہ زبردستی وزیر اعلی ہاؤس داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس کے ساتھ مڈبھیڑ بھی ہوئی ، دھکم پیل اور ہاتھا پائی کے دوران 2 مظاہرین زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے نابینا مظاہرین کو وہاں سے زبردستی ہٹایا اور گاڑیوں میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے۔