راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوادر اور مضافات میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر میں پینے کے پانی کا منصوبہ متحدہ عرب عمارات اور سوٹزرلینڈ حکومت کے تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے۔ پلانٹ سے ابتدائی بنیاد پر 44 لاکھ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جائے گا، تاہم یہ پلانٹ 88 لاکھ گیلن تک یومیہ پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پانی صاف کرنے والا یہ منصوبہ 6 سے 8 ماہ میں مکمل ہو جائے گا جس سے گوادر کے مقامی افراد سمیت مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت دور ہو گی۔
منصوبے کی افتتاح تقریب کے موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے۔ خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت صوبے میں امن اور خوشحالی کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت صوبے کے لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ان منصوبوں سے مستفید ہو کر بلوچستان کے عوام صوبے کی معاشی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کر سکیں گے۔ بلوچستان اس وقت خطے کا معاشی مرکز بنے گا، جب یہاں کے عوام ان منصوبوں سے مستفید ہوں گے۔
تقریب میں وزیرِ اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، متحدہ عرب امارات کے سفیر اور کمناڈر سدرن کمانڈ بھی موجود تھے۔ آرمی چیف بلوچستان دورے کے دوران مکران فیسٹول کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔