احد چیمہ کی پیراگون سوسائٹی میں اراضی کا کھوج لگا لیا گیا، نیب ذرائع

Published On 04 Mar 2018 07:04 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف تحقیقات میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، نیب نے احد چیمہ اور ان کے قریبی رشتہ داروں کی پیراگون سوسائٹی میں اراضی کا کھوج لگا لیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کے مطابق احد چیمہ اور ان کے قریبی رشتہ داروں کے نام پیراگون سوسائٹی میں 4 ایکڑ اراضی کےشواہد مل گئے ہیں، اس اراضی سے متعلق ابتدائی شواہد پیراگون سٹی سے تحویل میں لئے گئے ریکارڈ سے ملے۔

نیب ذرائع کے مطبق اراضی کی تصدیق کے لئے متعلقہ اداروں سے جواب طلب کر لیا گیا ہے جس کے بعد احتساب عدالت سے احد چیمہ کے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 روزقبل پیراگون سوسائٹی میں مارے گئے چھاپے سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔ پیراگون سوسائٹی سے تحویل میں لیے گئے کمپیوٹرز کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔