اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سینیٹ انتخابات میں حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پی ایم چیمبر میں ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو پنجاب میں نہال ہاشمی کی خالی نشست پر ڈاکٹر اسد اشرف کی کامیابی پر مبارکباد دی جبکہ کل ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں جمہوری تسلسل رہنا چاہیے اور جمہوریت کو درپیش کسی بھی خطرے کی صورت میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔