لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ کرپشن کا معاملہ، نیب نے لاہور میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر لیپ ٹاپ اور کئی اہم فائلیں قبضے میں لے لیں۔
آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی اور ایل ڈی اے سٹی میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر نیب نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔ نیب لاہور کی انویسٹی گیشن ٹیم نے برکی روڈ پر پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر ملازمین سے پوچھ گچھ اور ریکارڈ کی چھان بین کی۔
نیب ذرائع کے مطابق ٹیم تقریبا دو گھنٹے تک سوسائٹی کے اکاؤنٹس آفس میں موجود رہی۔ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی آفس کے کمپیوٹر، پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی فائلوں کا ریکارڈ اور رسیدیں قبضے میں لے لیں۔ نیب کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے سی ای او ندیم ضیا کو متعدد بار طلب کیا تھا لیکن وہ خود پیش ہوئے اور نہ ہی ریکارڈ بھجوایا۔
واضح رہے کہ نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ ایل ڈی اے سٹی کی تحقیقات بھی شروع کر رکھیں ہیں۔ ایل ڈی اے سٹی کی فائلیں دینے میں بھی پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ملوث تھی جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔