لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آئین پارلیمنٹ کی تخلیق اور آئین سپریم کورٹ سے بھی سپریم ہے ، ن لیگ کو کس بات کی سزا دی گئی ؟۔ انہوں نے کہا نواز شریف پلس ہے اور پلس رہے گا ، مائنس کرنے والے خواب دیکھتے رہیں گے۔
وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی پرغم وغصے کا اظہار کیا اور کہا نواز شریف کا یہ جرم ہے کہ انہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ؟ آئین کو سمجھنے والے صدمے میں ہیں ، حالیہ فیصلوں سے نواز شریف کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے ، نواز شریف ملک کے مقبول ترین رہنما ہیں اور یہی ان کا سب سے بڑا جرم ہے۔
صوبائی وزیر قانون نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری پر بھی اعتراض اُٹھا دیا اور کہا نیب ابھی تک صرف ایک الزام ہی سامنے لاسکا ہے ، قانون کو اپنے مزاج کے مطابق استعمال کیا جا رہا ہے ، سرکاری افسران نے ایسے حالات میں کام کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔