کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ بہادر آباد کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وہ فاروق ستار کو دوبارہ پارٹی میں واپس آنے کی پیشکش کرتے ہیں۔
گلشن اقبال میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ کسی کو جتانے اور ڈرانے کیلئے نہیں اور نہ ہی کسی کے مقابلے میں کیا گیا ہے۔ ہم نے ایم کیو ایم توڑنے کے تمام منصوبے ناکام بنا دیئے ہیں۔ ایم کیو ایم کا مذاق بنا جس کے ذمہ دار فاروق ستار ہیں۔ فاروق ستار نے اختیارات کا استعمال کر کے اصولوں کو پامال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار سے کہوں گا سربراہ اختیار دیتا ہے لیتا نہیں، سربراہ کو کردار کی ضرورت ہوتی ہے اختیار کی نہیں، فاروق ستار آئین میں رہ کر تنظیم چلائیں، ہم انھیں آج بھی پارٹی کا حصہ سمجھتے ہیں اور پھر آنے کی دعوت دیتے ہیں۔