کلبھوشن نے اہلخانہ کے سامنے خود کو بھارتی جاسوس تسلیم کیا :ٹائمز آف انڈیا

Published On 28 Dec 2017 12:05 PM 

ماں اور اہلیہ سے پاکستانی سرزمین پر ہونے والی ملاقات میں کلبھوشن نے دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا :بھارتی اخبار کا دعویٰ

لاہور (دنیا نیوز ) بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ کلبھوشن یادیو نے ماں اور اہلیہ کے سامنے بھارتی جاسوس ہونے کا اعتراف کرلیا۔ کلبھوشن اصل میں تھا کون؟؟؟ماں اور بیوی کو سچ سچ بتا دیا، بھارتی اخبار نے کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کے دوران مبینہ گفتگو پر رپورٹ جاری کی ہے۔

اخبار کے مطابق کلبھوشن کی والدہ نے غصے میں بیٹے سے کہا وہ ایسا کیوں کہہ رہا ہے وہ تو ایران میں بزنس کرتا تھا اور پھر اغوا کیا گیا، اسے سچ بتانا چاہیے جس پر کلبھوشن نےماں اور بیوی کو بتایا کہ وہ درحقیقت بھارتی جاسوس ہی ہے۔ بھارتی جاسوس نے پاکستان میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں کی سازش میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔

گزشتہ روز بھارتی سماج وادی پارٹی کے رہنما نریش اگروال نے بیان دیا تھا کہ پاکستان کلبھوشن کو دہشتگرد کہتا ہے لہٰذا اس کا کلبھوشن سے سلوک جائز ہے، وہ بھارتی میڈیا پر بھی برسے کہ میڈیا صرف کلبھوشن کی بات ہی کیوں کر رہا ہے، پاکستانی جیلوں میں اور بھی بھارتی قیدی ہیں۔