نشان حیدر پانے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، کراچی آرمی قبرستان میں ایئر وائس مارشل حسیب پراچہ کی قیادت میں پی اے ایف کے دستے نے قبر پرفاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم فضائیہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں تقریبات ہورہی ہیں۔ نشان حیدر پانے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کراچی آرمی قبرستان میں ایئر وائس مارشل حسیب پراچہ کی قیادت میں پی اے ایف کے دستے نے قبر پرفاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ راشد منہاس شہید نے مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ایک عظیم مثال قائم کی تھی۔
6 ستمبر کی جنگ میں بھی ہمارے شاہینوں نے عزم و ہمت کی ایسی لازوال داستانیں رقم کیں، جس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔ فضائی جنگ میں دشمن کے کل 129 لڑاکا جنگی طیاروں کو تباہ کیا گیا جبکہ پاکستان کے صرف 19 طیاروں کو نقصان پہنچا۔ ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں دشمن کے 5 جنگی طیارے گرا کر تاریخ رقم کی۔ 17 روزہ جنگ میں ایم ایم عالم نے مجموعی طور پر دشمن کے 9 طیاروں کو تباہ کیا۔ پاک فضائیہ کی ہیبت آج بھی دشمن پر طاری ہے۔