ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی یوم دفاع کی تقریبات روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئیں، پیراٹروپرز کی چھلانگ نے شہریوں کے دل موہ لئے۔
پشاور: (دنیا نیوز) یوم دفاع کی تقریبات کا انعقاد کرنل شیر خان سٹیڈیم میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ندیر بٹ اور آئی جی ایف سی تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی گئی۔
تقریب کا آغاز بینڈ اور روایتی رقص سے کیا گیا۔ خٹک اور چترال کے مخصوص رقص نے تو تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ ایئر شو شہریوں کیلئے سب سے زیادہ دلچسپ ثابت ہوا جس میں پاک فوج کے جہازوں، ہیلی کاپٹرز نے شاندار کرتب دکھا کر حاضرین سے داد وصول کی۔ پیراٹروپرز نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا شاندار مظاہرہ کیا۔
نمائش میں پاک فوج کے زیراستعمال آلات حرب کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب عضب میں استعمال ہونے والے ہتھیار خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔ بچے اور جوان مختلف کرتبوں سے پرجوش اور محظوظ نظر آئے۔ شہریوں نے جنگی ساز و سامان میں خصوصی دلچسپی لی۔