بچے اپنے من پسند جانوروں کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے ، متعدد بچوں نے اپنی عیدی کے پیسوں سے مزے مزے کی چیزیں بھی کھائیں
لاہور (دنیا نیوز ) عید قربان کا تیسرا روز ، شہریوں کی بڑی تعداد بچوں کے ہمراہ چڑیا گھر پہنچ گئی ، بچے من پسند جانوروں کو دیکھ کے خوب لطف اندوز ہوئے ۔ بڑی عید کے بڑے مزے ، پہلے دو روز کی قربانی اور آج خوب موج مستی کی ۔ عید کے تیسرے روز بچوں نے چڑیا گھر جانے کی فرمائش کی تو والدین بچوں کو بہلانے چڑیا گھر لے آئے ۔
بچوں نے رنگے برنگے کپڑے زیب تن کیے ہوئے تھے اور ان کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی ۔ بچے اپنے من پسند جانوروں کو دیکھ کر خوشی سے پھولے نہ سمائے مگر اپنے فیورٹ جانور شیر ، ہاتھی اور اونٹ کی کمی کو شدت سے محسوس کیا ۔ پارکوں میں بچے جھولے لینے میں مصروف رہے ۔ ہر کوئی اپنی باری کا انتظار کرتا رہا ۔ بچوں نے اپنی عیدی سے مزے مزے کی چیزیں بھی کھائیں ۔
بچوں کے ساتھ بڑے بھی موج مستی میں شریک رہے ۔ بچوں نے عید کی چھٹیوں کو خوب انجوائے کیا مگر اب انہیں پھرسے سکول جانے کی تیاری کرنی ہے ۔ اس لیے بچوں کی یہ خوشی ماند پڑتی نظر آتی ہے ۔ دوسری جانب کراچی میں بھی ساحل سمندر پر بچوں نے عید کی چھٹیاں بھرپور انداز سے گزاریں ، کراچی والوں نے ساحل سمندر پر ڈیرے ڈال لئے اور عید کی چھٹیوں کو خوشگوار موسم میں بھرپور انجوائے کیا ۔