پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، آرمی چیف

Published On 17 Aug 2017 05:04 PM 

پولینڈ کی بری فوج کے کمانڈر کا جی ایچ کیو کا دورہ، آرمی چیف سے ملاقات دونوں، رہنماؤں کی ملاقات میں خطے کی سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں آرمی چیف کا آئی ایس پی آر کا دورہ، انٹرن شپ پروگرام مکمل کرنے والے طلبہ سے خطاب۔

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پولینڈ کے لینڈ فورسز کے کمانڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پولینڈ کے وفد کو پاک فوج کی آپریشنل اور تربیتی سرگرمیوں کے حوالےسے تفصیلی بریفنگ دی گئی، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پولینڈ کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ پولینڈ کی فورسز کے سربراہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ جی ایچ کیو آمد پر پولینڈ کے کمانڈر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے، پاکستان کا مستقبل بھی نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے، نوجوانوں اور ان کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کو امن و ترقی کے نئے دور میں لے جائے گی۔ آرمی چیف نے انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء کو مشورہ دیا کہ کامیابی کیلئے کسی شارٹ کٹ کی طرف نہ دیکھیں، خود اعتمادی، میرٹ، قانون کا احترام کریں۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج پرامن، محفوظ اور مستحکم پاکستان کیلئے پرعزم ہے، دہشتگردی اور تشدد ختم کرنے میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں، دیرپا استحکام کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔