مریم نواز نے صوبہ بھر کے مراکز صحت کی ری ویمپنگ کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کردی

Published On 12 November,2024 01:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر کے مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔

پنجاب بھر میں تمام مراکز صحت کی بیک وقت ری ویمپنگ کا کام تکمیل کے قریب پہنچ گیا، منصوبے کے تحت مراکز صحت کی بوسیدہ عمارتیں چمچماتے کلینکس میں تبدیل ہونگی، پنجاب کے ایک ہزار 236 مراکز صحت کی ری ویمپنگ اور بحالی کا پراجیکٹ تیزی سے جاری ہے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے لئے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی، ری ویمپنگ پراجیکٹ میں سنٹرل پنجاب کے 286، نارتھ زون کے 363 اور جنوبی پنجاب کے 587 مراکز صحت شامل ہیں، وسطی پنجاب کے مراکز صحت کا 20 فیصد،شمالی زون کا 28فیصد اور جنوبی پنجاب کا 25 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔

منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں ایک ہزار 219 مراکز صحت کو فیملی کلینکس کی شکل دینے کا کام تیزی سے جاری ہے، 772 یونٹس پر پلاسٹرنگ، 384 کی فلورنگ اور 74 یونٹس کی فنشنگ کی جارہی ہے، محکمہ تعمیرات و مواصلات کی ٹیمیں مراکز صحت کی تکمیل کےلئے سرگرم عمل ہیں۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کا کیا گیا وعدہ پورا کریں گے، بنیادی مراکز صحت کو جدید ترین کلینکس میں بدلیں گے، ڈاکٹروں اور سٹاف کی کمی بھی پوری ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے دیہات میں ایسے کلینکس بنائیں گے جو پرائیویٹ ہسپتالوں سے بھی بہتر ہوں گے، عوام کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے سے بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم ہوگا۔

وزیراعلی مریم نواز نے مراکز صحت کی ری ویمپنگ پلان میں تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔