برطانیہ میں غیر ملکی ڈی این اے کمپنی لاکھوں افراد کا حساس جسمانی ڈیٹا لے کر رفوچکر

Published On 11 November,2024 07:21 pm

لندن :(دنیا نیوز) برطانیہ کی ایک ڈی این اے کمپنی لاکھوں افراد کا حساس جسمانی یا حیاتیاتی ڈیٹا لے کر غائب ہوگئی ہے، اس کمپنی کا روس سے تعلق ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلس بایو میڈ کے لندن میں بھی دفاتر ہیں، اٹلس بایو میڈ نامی کمپنی کی ویب سائٹ بند ہوچکی ہے اور اُس کے فون نمبر بھی کام نہیں کر رہے۔

یہ کمپنی اپنے کسٹمرز کو اُن کے جینیٹک میک اپ کے بارے میں اہم اور گراں قدر معلومات فراہم کیا کرتی تھی،  کمپنی اپنے کسٹمرز کو ممکنہ بیماریوں کے بارے میں بھی مطلع کرتی تھی۔

کمپنی کے غائب ہو جانے سے کسٹمرز بہت پریشان ہیں کیونکہ کمپنی کے پاس اُن کے بایو میٹرکس بھی ہیں، وہ اپنے ڈیٹا کی سلامتی کے حوالے سے شدید ذہنی الجھن کا شکار ہیں۔

دوسری جانب دی انفارمیشن کمشنرز آفس نے بتایا کہ وہ اس واقعہ سے باخبر ہے اور یہ بھی کہ اُسے کمپنی کے غائب ہو جانے کے حوالے سے باضابطہ شکایت بھی موصول ہوئی ہے، آئی سی او کا کہنا ہے کہ لوگوں کو کمپنی کے بارے میں جاننے کا حق ہے کیونکہ اُن کے حساس حیاتیاتی ڈیٹا کی سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔