فارما سیکٹرکی ترقی کیلئے معاون ، سازگار پالیسیوں کا نفاذ حکومت کی ترجیح ہے : ڈاکٹر مختاربھرتھ

Published On 25 September,2024 10:40 am

اسلام آباد : (دنیانیوز) کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ فارما سیکٹر کی ترقی کیلئے معاون، سازگار پالیسیوں کو نافذ کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

ساتویں پاکستان فارما سمٹ آج اسلام آباد میں ہورہی ہے جس میں دنیا بھر سے فارما، ہیلتھ سیکٹر، مینجمنٹ کے ماہرین اور ملک بھر سے  400سے زائد فارما انڈسٹری کی اعلی انتظامیہ اور ماہرین شریک ہیں۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعظم ادویات سازی کے شعبے کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ، فارما سیکٹر کی ترقی کے لیے معاون اور سازگار پالیسیوں کو نافذ کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے ۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں میں فارما انڈسٹری کی ترقی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، ہم نے دواسازی کی مقامی پیداوار اور برآمدات دونوں میں واضح اضافہ دیکھا ہے، پاکستان کی اندرون ملک 90 فیصد ضروریات مقامی فارما انڈسٹری سے پوری ہوتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فارماصنعت میں ہونے والی سرمایہ کاری کا حجم اربوں ڈالرز ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے مربوط اور موثر اقدامات کیے ہیں، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا ہے ۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ کاکہنا تھا کہ ڈریپ میں لائسنسنگ رجسٹریشن کے نظام کو آن لائن کیا ہے ، ڈریپ میں بین الاقوامی معیارات کو اپنانے اور انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ، اعلیٰ اور معیاری ادویات سازی کے لئے ڈریپ بڑے پیمانے پر اصلاحات کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ کامزید کہنا تھا کہ لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کی آٹومیشن کے نتیجے میں تیز تر اور شفاف کارروائیاں ہوئیں ، ڈریپ میں زیر التوا درخواستوں کو نمٹا دیا گیا ہے، درخواست دہندگان کو اپنی درخواستوں پر کارروائی میں کسی تاخیر کا سامنا نہیں۔