کراچی:(دنیا نیوز) جناح ایئر پورٹ پر منکی پاکس کی سکریننگ انتظامات تسلی بخش قرار دے دیئے گئے۔
منکی پاکس کی ایئرپورٹس پر سکریننگ انتطامات کے حوالے سے ایئرپورٹ منیجر، ڈی جی ہیلتھ سندھ اور ڈائریکٹر ایئرپورٹ ہیلتھ سروسز نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا دورہ کیا۔
سی اے اے کے ترجمان کے مطابق متعلقہ اعلیٰ حکام نے جناح انٹرنیشنل پرانتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، ایئرپورٹ انتظامیہ این سی او سی کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے، بین الاقوامی پروازوں سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کی سکریننگ جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مشتبہ مسافروں کے لئے بارڈر ہیلتھ سروسز کا آئیسولیشن روم قائم ہے،آئیسولیشن روم میں مشتبہ مسافروں کی ٹریول ہسٹری اور علامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
سی اے اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ علامات کی صورت میں سیمپل پی سی آر ٹیسٹ کے لئے بھجوایا جاتا ہے۔