کوئٹہ: (دنیا نیوز) میڈیکل کے طلبہ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی ) سے فیسوں میں اضافہ واپس لینے کامطالبہ کردیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نےایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کے داخلہ ٹیسٹوں کی فیس میں 33 فیصد اضافہ کیا جبکہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں حصہ لینے کی فیس 6 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار کردی ہے۔
کوئٹہ میں میڈیکل کے طلبا و طالبات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ڈی سی ہم سے اضافی فیس وصول کررہا ہے، ہم 8 ہزار ادا نہیں کرسکتے ، کہا جارہا ہے کہ اگر فیس ادا نہیں کی گئی تو ہمیں نکال دیا جائے گا۔
میڈیکل کے طالعبلم ازلان خان اور تصور بی بی نے کہا کہ ایک غریب طالبعلم جس کے پاس پیسے نہیں وہ فیس کہاں سے ادا کرے ؟، پی ایم ڈی سی فیس میں اضافے کا فیصلہ واپس لے، اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہم عدالت جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام طلبا و طالبات کو پی ایم ڈی سی کے رویہ سے تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، بہت سے طلبا وطالبات ایسے ہیں جنہوں نے فیس ادا کردی اور جن کے پاس نہیں وہ کہا ں سے ادا کریں۔