لاہور: (ہیلتھ رپورٹر) ایم ایس لیڈی ایچی سن ہسپتال ڈاکٹر ناصر چودھری نے کہا ہے کہ مریضوں کی خدمت عبادت سے کم نہیں، ہسپتال آنیوالے ہر مریض کو بہترین مفت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنادی۔
ڈاکٹر ناصر چودھری نے کہا ہے کہ میرے لیے ہر مریض وی آئی پی ہے، سب کو بلاتفریق علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات ایک کر دیا، کرپشن پر سمجھوتہ کیا نہ کروں گا، کسی بھی شکایت پر فوری ایکشن ہوتا ہے، مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کرونگا۔
ایم ایس لیڈی ایچی سن ہسپتال کا کہنا تھا کہ شکایات کاؤنٹر 24 گھنٹے فعال ہے، میرے آفس کے دروازے ہر وقت سب کیلئے کھلے ہیں، کوئی بھی بغیر کسی خوف کے اپنا مسئلہ لے کر آسکتا ہے، او پی ڈی کی از سر نوتعمیر نے ہسپتال کو چار چاند لگا دیئے۔
ڈاکٹر ناصر چودھری نے کہا کہ ہسپتال کی بہتری و مریضوں کی فلاح وبہبود کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہوں، مریضوں کی خدمت سے دلی سکون ملتا ہے، کرسی آنے جانے والی چیز ہے، عہدہ میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا، ہسپتال کا پورا عملہ میرے لیے افسر سے کم نہیں، مشن صرف اور صرف مریضوں کو مفت بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فیصلہ اکیلے نہیں کرتا، تمام فیصلے پروفیسرز، ڈاکٹرز اور تمام سٹاف سے مل کر کیے جاتے ہیں، پروفیسرز، ڈاکٹرز سمیت ہسپتال کا پورا عملہ مریضوں کی خدمت کے مشن میں میرے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑا ہے، ہر کوئی فرائض منصبی بہترین طریقے سے سرانجام دے رہا ہے۔
ڈاکٹر ناصر چودھری نے کہا لیب، الٹراساؤنڈ سمیت تمام مشینوں کو اپ گریڈ کرکے تعداد بھی بڑھا دی تاکہ مریضوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، تمام سٹاف کے تعاون سے ہسپتال کو مثالی بنا دیا، اب مریض پرائیویٹ ہسپتالوں کی بجائے لیڈی ایچی سن کارخ کرتے ہیں جو کسی اعزاز سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سب کا کریڈٹ ہسپتال کے تمام عملے کو جاتا ہے، پروفیسرز، ڈاکٹرز، نرسز سمیت تمام ملازمین خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر میرے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔