شہر قائد میں ایک ماہ کے دوران2114افراد ہیٹ سٹروک سے متاثر ہوئے

Published On 26 June,2024 03:49 pm

کراچی :(دنیا نیوز)محکمہ صحت سندھ نے ہیٹ سٹروک سے متاثرہ افراد کے ایک ماہ کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق سول ہسپتال میں 265 ہیٹ سٹروک کے کیسز رپورٹ ہوئے ،8 افراد ہیٹ سٹروک سے جاں بحق ہوئے ،جناح ہسپتال میں 94 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

اعداد وشمار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیاقت آباد گورنمنٹ ہسپتال میں 29 کیسز رپورٹ ہوئے اور سندھ بھر کے دیگر ہسپتالوں سے 1718 مریض سامنے آئے، مریضوں میں زیادہ تر وہ افراد شامل ہیں جو نشہ آور اور بے گھر ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری دن میں 12 سے 4 بجے سہ پہر کے درمیان باہر نکلنے سے پرہیز کریں اورتھوڑی تھوڑی دیر بعد ٹھنڈا پانی پیئیں ۔

محکمہ صحت کا مزید کہنا تھا کہ شہری ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے کو ترجیح دیں جبکہ ہسپتالوں میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔