لاہور : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب میں خسرہ وبا کے پھیلاؤ کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے۔
لاہور میں صوبائی وزرا خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب میں خسرہ پھیلاؤ سے متعلق پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پنجاب میں صحت کیلئے بہترین نظام کی ضرورت ہے، پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بہت سےبچوں کو خسرےکی ویکسین ہی نہیں لگی، پانچ سال میں جس طرح ویکسی نیشن کی جانی چاہیے تھی ویسے نہیں ہوئی۔
ان کاکہنا تھا کہ ریورس سپیڈ کے دور میں پولیو کیسز سامنے آئے، پنجاب میں پولیو کیسز2016 میں صفر تھے، 2018 میں پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس نہیں تھا ، پنجاب میں 2019 میں پولیو کے12کیسز رپورٹ ہوئے، 2020 میں 14کیسز رپورٹ ہوئے۔
خواجہ عمران نذیر کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ریورس سپیڈ سے شہباز سپیڈ کا مقابلہ کیا، سسٹم کی ناکامی پر ہم ایکشن لیتے ہیں، صحت،تعلیم کے شعبے پر وزیراعلیٰ مریم نواز خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔