لاہور:(ویب ڈیسک ) پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (پی ہوٹا) کی ٹیم نے لاہور کے آزادی چوک پر چھاپہ مار کر نجی ہسپتال میں غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے اور پی ہوٹا کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لاہور میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران غیرقانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کرنے کے الزام میں گروہ کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر اویس اور اس کا گروہ 5 سال سے غیرقانونی پیوند کاری کر رہا ہے، گرفتار ملزمان اشتہاری تھے جن کی گرفتاری کے لیے پہلے بھی متعدد چھاپے مارے گئے لیکن گینگ کو پکڑا نہیں جا سکا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کے دوران مریض اور گردہ عطیہ کرنے والے شخص کو بھی حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پولیس نے گردوں کے 300 سے زائد غیر قانونی آپریشن کرنے والے گروہ کے ارکان کو گرفتار کیا تھا، اس وقت کی پنجاب حکومت نے کہا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو 5 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔