لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری صحت نے ایمرجنسی سہولتوں میں بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کیا جائے گا، سسٹم کے ذریعے ضرورت کے مطابق وینٹی لیٹر کی ٹریکنگ کی جائے گی۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے خصوصی ایپ کے ذریعے زیر استعمال اور خالی وینٹی لیٹرز کی نشاندہی ممکن ہوگی، کسی ہسپتال میں رش کی صورت میں مریض کے لئے خالی وینٹی لیٹر مہیا کیا جا سکے گا۔
اجلاس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کو جنرل ہسپتال لاہور کے ساتھ منسلک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، سٹروک مینجمنٹ مہم کے تحت 1122 ریسکیورز کی کیپسٹی بلڈنگ بھی کی جائے گی، سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ہیڈ آف نیوروالوجی پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے سٹروک مینجمنٹ پلاننگ پر اجلاس کے شرکاء کو بریف کیا۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ڈی جی ریسکیو 1122 اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔