وزن کم کرنے والی ادویات خواتین کیلئے زیادہ موثر ثابت

Published On 21 October,2022 11:50 am

لاہور: (ویب ڈیسک) ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ وزن کم کرنے کے لئے کوشاں خواتین میں ادویات زیادہ مؤثر ہوتی ہیں۔

 یونیورسٹی آف سِڈنی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں محققین موٹاپے کا شکار مردوں اور خواتین کو بھوک کم کرنے والی ادویات دیئے جانے کے سبب کم ہونے والے وزن کے درمیان فرق کا جائزہ لیا۔

محققین کی ٹیم کے مطابق ادویات کے استعمال سے خواتین نے اپنا وزن تقریباً 20 فی صد کم کیا جبکہ انہی ادویات استعمال سے مردوں کے وزن کا صرف 13 فی صد کم ہوا جبکہ وزن کم کرنے کے لئے صحت مند غذا اور ورزش کرنے والے لوگوں پر کی جانے والی درجنوں تحقیقوں کے جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ مردوں نے عورتوں کی نسبت زیادہ وزن کم کیا تھا۔

محققین کا کہنا تھا کہ ان کی تحقیق کے نتائج کے پیچھے موجود وجوہات مبہم ہیں لیکن اس پر مزید تحقیق کی جانی چاہیئے تاکہ لوگوں کو وزن کم کرنے کے لئے بہتر علاج فراہم کیا جاسکے،محققین نے تحقیقی مقالے میں لکھا کہ وزن میں کمی کے لئے ادویات کے استعمال پر جنسی تفریق کس حد تک اثر انداز ہوتی ہے اس پراب تک تفصیلی مطالعہ نہیں کیا گیا ہے۔

تحقیق کے نتائج یہ بتاتے ہیں کہ ادویات کے استعمال سے خواتین مردوں کی نسبت زیادہ وزن گھٹاتی ہیں، اگرچہ اس کی وجوہات واضح نہیں ہیں، تحقیق کا نتیجہ اکثر غذائی معمولات سے متضاد ہے جہاں مرد عورتوں سے زیادہ وزن کم کرتے ہیں، تحقیق میں سائنس دانوں نے سیمیگلیوٹائڈ نامی دوا کا استعمال کیا جو جسم کے بھوک کے نظام کو قابو کرکے بھوک کو کم کرتی ہے۔