لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی بڑھتی تعداد کے باوجود نئے ہفتے کے آغاز پر کووڈ 19کے باعث عائد کردہ تقریباﹰ تمام پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔
حکومتی بیانات کے مطابق دیگر پابندیوں کے ساتھ ساتھ حفاظتی ماسک پہننے اور لازمی سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندیاں بھی اٹھا لی گئی ہیں۔ اب تمام ڈسکو کلب اور تھیٹرز دوبارہ کھولے جا سکیں گے اور کھیلوں کے مقابلوں کے لیے سٹیڈیمز میں ان کی گنجائش کے مطابق شائقین کو جانے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔
وزیر اعظم بورس جانسن کے مطابق متنازعہ فیصلے کا سبب یہ ہے کہ عوامی سطح پر کورونا وائرس کی وبا کے خلاف حفاظتی ویکسی نیشن کی شرح بہت زیادہ ہو چکی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملکی اپوزیشن نے فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں اب اس وبا کی ایک نئی بڑی لہر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔