عالمی ادارہ صحت کا کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے کے لئے تحقیق کا اعلان

Last Updated On 29 March,2020 06:27 pm

اوسلو: (دنیا نیوز) عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے کے لئے تحقیق کا آغاز ناروے سے کرنے اعلان کر دیا ہے۔ سولیڈیرٹی ٹرائل میں ملیریا، ایبولا، ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے علاج میں استعمال ہونی والی ادویات کے کورونا کے مریضوں پر اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق سولیڈیرٹی ٹرائل کا آغاز ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے 22 ہسپتالوں سے ہوگا۔ ریسرچ میں کورونا کے مریضوں پر اچھے اثرات مرتب کرنے والی دواؤں کے استعمال کا جائزہ لیا جائے گا۔

تحقیق کے دوران کورونا کے مریضوں کو ملیریا، ایبولا، ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے علاج میں استعمال ہونے والی دوائیں مختلف مراحل میں دی جائیں گی۔

مختلف ممالک میں ان دواؤں کے کورونا وائرس کے کچھ مریضوں پر اچھے نتائج سامنے آئے تھے۔ ان تجربات کا دائرہ کار دنیا کے مختلف ممالک تک بڑھایا جائے گا۔

تحقیق میں شامل ہسپتال آنلائن پورٹل کے ذریعہ عالمی ادارہ صحت کو دوا کے اثرات سے متعلق آگاہ کرتے رہیں گے۔