اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاور ڈویژن کی جانب سے مزید 6 آئی پی پیز (انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز) سے معاہدے ختم کرنے کی خبروں کی تردید کی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مزید 6 آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنے کی پیشرفت نہیں ہوئی ہے، مستقبل میں ایسی پیشرفت ہوتی ہے تو حکومت پاکستان مصدقہ ذرائع سے عوام تک پہنچائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع سے خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی حکومت نے مزید 6 آئی پی پیز سے بجلی خریداری کے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ان معاہدوں کے خاتمے سے مزید 300 ارب روپے کی بچت کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ 2396 میگاواٹ کے 6 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کیے جائیں گے اور مزید آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے سے بجلی ٹیرف میں کمی ہوگی۔
وفاقی حکومت اب تک 13 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کر چکی ہے، ان میں بگاس سے چلنے والے 8 نجی بجلی گھروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری شامل ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے آئی پی پیز سے مذاکرات کے لیے ٹاسک فورس قائم کر رکھی ہے۔