لندن: (ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف کی سابق اہلیہ اور معروف برطانوی فلمساز جمائما گولڈ سمتھ نے اپنے بیٹے قاسم خان سے منسوب سوشل میڈیا اکاؤنٹ جعلی قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جمائما گولڈ سمتھ نے قاسم خان نامی صارف کے اکاؤنٹ کو ری شیئر کیا اور اس کی حقیقت بھی بتا دی، انہوں نے مذکورہ جعلی اکاؤنٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے رپورٹ کرنے کا بھی کہا۔
جمائما کے بیٹے قاسم خان کے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں 8 فروری کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں سوشل میڈیا کے ذریعے انتخابی مہم کے آغاز کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جمائما گولڈ سمتھ نے سوشل میڈیا صارفین کو آگاہ کیا ہو کہ ان کے دونوں بیٹے سوشل میڈیا پر نہیں ہے، اس سے قبل بھی انہوں نے مختلف مواقع پر بتایا ہے کہ ان کے دونوں بیٹے سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتے۔