ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں فوج اور ریپیڈ سپورٹ فورسز کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد کسی بھی سوڈانی فریق کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرنے کی تردید کردی۔
اماراتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ سوڈان تنازع کے کسی بھی فریق کو مدد فراہم کرنے کے بارے میں میڈیا میں آنے والی خبروں کی تردید کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یو اے ای سوڈان میں جاری لڑائی میں کسی فریق کو سپورٹ نہیں کر رہا اور لڑائی کو ختم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے،امارات دونوں فریقوں سے اپیل کرتا ہے کہ سوڈان کی خودمختاری کا احترام کیا جائے۔
بیان میں متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ میں کمیونیکیشن کی ڈائریکٹر عفراء الھاملی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امارات نے ہمیشہ سیاسی عمل اور سوڈانی حکومت کی تشکیل کے لیے قومی اتفاق رائے کے حصول کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔
عفراء نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات جنگ بندی تک پہنچنے تک سوڈان میں سلامتی کے حصول اور اس کے استحکام اور خوشحالی کو بڑھانے کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔