سوشل میڈیا پر عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے انتقال کی خبریں جعلی قرار

Last Updated On 08 July,2020 11:54 pm

میانوالی: (دنیا نیوز) گلوکار عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی کا کہنا ہے کہ نے سوشل میڈیا پر طبیعت سے متعلق چلنے والی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق جب بات ہوتی ہے کورونا وائرس سے جنم لینے والی عالمی وبا کووڈ 19 کی تو اس بارے میں حقائق جاننے کے لیے بھی ہمیں خبروں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ بالخصوص اس وقت معلومات کے حصول کے لیے میڈیا کی ضرورت زیادہ محسوس ہوتی ہے، جب ہمارا کوئی قریبی رشتہ دار یا دوست اس وبا کا شکار نہیں ہوا ہے کیونکہ اس صورت میں ہم اس تکلیف اور تجربے کو ذاتی طور پر سمجھنے کے قابل ہی نہیں ہو سکتے۔

خبروں سے ہی ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ اس عالمی وبا کی وجہ سے کتنے افراد متاثر یا ہلاک ہوئے، یہ کس قدر موزی ہے اور اس کے معیشت پر کيا اثرات پڑ رہے ہیں اور یہ کہ کتنے لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف ہم گھروں میں قید ہیں اور تصاویر اور ویڈیوز میں بیابان سڑکوں اور مارکٹیوں کے امیجز دیکھ رہے ہیں۔ کبھی کبھار خریداری کی غرض سے باہر جاتے ہوئے ہمیں اس صورتحال کا صرف حسیاتی تجزبہ ہی ہو سکتا ہے۔

اس صورتحال میں نیوز ادارے ایک مرتبہ پھر ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکے ہیں۔ یہ صرف اسی لیے نہیں کہ یہ نشریاتی ادارے ہمیں مطلع کر رہے ہیں کہ حکومتی پالیسیاں کیا ہیں اور ہمیں صورتحال میں کیسے ردعمل ظاہر کرنا چاہیے بلکہ خبروں کی طرف متوجہ ہونے کی دیگر کئی وجوہات بھی ہیں۔

صورتحال کے تناظر میں میڈیا اداروں سے رجوع کرنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہو گئی ہے۔ آن لائن صارفین میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ ٹیلی وژن دیکھنے والوں کی شرح بھی بڑھی ہے۔ سوال پھر وہی ہے کہ کیا ہمیں قابل بھروسہ معلومات موصول ہو رہی ہیں؟

سوشل میڈیا جعلی خبروں میں ڈوب چکا ہے۔ صرف اس بارے میں ہی ہزاروں آرٹیکلز اور ویڈیوز موجود ہیں کہ لہسن کس طرح کورونا وائرس کا شافی علاج ممکن بنا سکتا ہے۔ یہ پلیٹ فارمز حقیقی طور پر جھوٹی خبریں و معلومات پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اور یہ بات لوگوں کی زندگی کو خطرات میں ڈال سکتی ہے۔

چند روز سے شوبز انڈسٹری سے متعلق بھی جعلی خبریں پھیل رہی ہیں، روبینہ اشرف، سکینہ سموں سمیت دیگر اداکار بھی جعلی خبریں پر شدید رد عمل دے چکے ہیں۔ اب اس حوالے سے ایک خبر عطاء اللہ عیسیٰ خان سے متعلق آئی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو اپنی زندگی سے متعلق پھیلنے والی جھوٹی خبروں پر وضاحت کرنی پڑی ہو، اس سے قبل بھی انہوں نے یا ان کے اہل خانہ نے ایسی ہی جھوٹی خبروں پر وضاحتی کی تھیں۔

فوک سنگر عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا ویڈیو پیغام میں کہا کہ الحمد للہ آپ کی دعاوں سے میں ٹھیک ہوں، میرے صحت سے متعلق غلط اور جعلی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی دعا سے میں تندرست ہوں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے ٹھیک ہوں عوام پریشان نہ ہوں، ایسی افواہوں پر توجہ نہ دیں ایس افواہیں پھیلانے والے کو اللہ تعالی ہدایت دے۔

گلوکار 2018 کے بعد مختلف اوقات میں کچھ بیماریوں کے باعث مختصر وقت کے لیے ہسپتال میں زیر علاج بھی رہے اور اسی دوران ہی ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئیں۔

گزشتہ 2 سال میں متعدد بار ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئیں اور رواں برس اپریل میں بھی ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئی تھیں اور اب حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ان کے حوالے سے خبریں وائرل ہوئیں تو انہوں نے وضاحتی ویڈیو جاری کی۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی 1951 میں پنجاب کے شہر میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں پیدا ہوئے، جس وجہ سے وہ عیسی خیلوی کہلواتے ہیں۔

انہوں نے زمانہ طالب علمی سے ہی حمد، نعت اور گیت گانے کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے پروفیشنل گلوکاری 1970 کے بعد شروع کی اور دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئے۔

میانوالی کے نیازی خاندان میں پیدا ہونے والے عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی آنے والے سالوں میں ملک بھر میں اپنی منفرد آواز کی وجہ سے اتنے مقبول ہوگئے کہ ٹرکوں پر ان کی تصاویر بنائی جانے لگیں۔

اندازے کے مطابق عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے 50 ہزار کے قریب گیت گائے اور انہوں نے پنجابی، سرائیکی، اردو اور سندھی سمیت دیگر زبانوں میں بھی گلوکاری کی۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کوک اسٹوڈیو سمیت فلموں کے لیے بھی گیت گائے جب کہ ان کے گانوں کو بھارتی فلم سازوں نے بھی اپنی فلموں میں شامل کیا۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا ایک بیٹا سانول عیسیٰ خیلوی بھی گلوکاری کی شروعات کر چکا ہے جب کہ ان کی ایک بیٹی لاریب عطا ہولی فلموں میں تکنیکی خدمات سرانجام دیتی ہیں۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ انہوں نے تین سے زائد شادیاں کیں اور انہیں 4 بچے ہیں، تاہم کبھی انہوں نے اپنے خاندان کے حوالے سے کھل کر بات نہیں کی۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی سیاسی طور پر متحرک رہے ہیں، ابتدائی طور پر ان کی ہمدردیاں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ تھیں، تاہم 2013 کے بعد ان کی ہمدریاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ ہوگئیں اور انہوں نے عمران خان کی پارٹی کے لیے گانے بھی تیار کیے جو بے حد مقبول ہوئے۔

شاندار گلوکاری کے باعث عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو حکومت پاکستان سمیت موسیقی کے دیگر اداروں اور تنظیموں کی جانب سے متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔