ندیم افضل چن کی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کی خبریں جعلی قرار

Last Updated On 22 June,2020 04:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن کے بارے میں سوشل میڈیا پر خبریں چل رہی ہیں کہ وہ جلد پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے، ان خبروں کو معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے جعلی قرار دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی چند روز قبل 11 جولائی تک چھٹیوں پر رخصت ہوئے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں چلنا شروع ہو گئی تھیں کہ وہ تحریک انصاف کو جلد چھوڑ دیں گے۔

وائرل ہونے والی خبروں میں کہا جا رہا تھا کہ ندیم افضل چن تحریک انصاف کو چھوڑ کر ایک مرتبہ پاکستان پیپلز پارٹی کو جوائن کر لیں گے، اسی وجہ سے انہوں نے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے ابھی تک سینئر رہنما ندیم افضل چن کا استعی قبول نہیں کیا۔

ان خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ یہ خبر جعلی ہے۔

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما ندیم افضل چن ملک سے باہر ہیں اور اور نجی مصروفیت کی وجہ سے ملک سے باہر گئے ہیں۔

ٹویٹر پر معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ کا کہنا تھا کہ ٹویٹر پر جاری کیا جانے والا بیان ندیم افضل چن سے بات کے بعد جاری کیا جا رہا ہے۔