ایران نے برطانوی فوجیوں کو مارنے کی خبر کو جھوٹا قرار دیدیا

Last Updated On 06 January,2020 10:32 pm

تہران: (ویب ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایرنی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد برطانیہ کے صف اوّل میں شمار ہونے والے اخبار ’دی ٹائمز‘ میں ایک خبر شائع ہوئی ہے، خبر کے مطابق ایران نے انتباہی انداز میں کہا ہے کہ برطانیہ کے فوجیوں کو قتل کیا جائے گا۔ یہ خبر ایرانی حکومت کی طرف سے غلطی قرار دی گئی ہے۔

برطانیہ میں ایران کے سفیر حامد بیدی نژاد کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں شائع ہونے والے اخبار ’دی ٹائمز‘ کی خبر اشتعال پھیلا رہی ہے، یہ خبر جھوٹی ہے اور اس خبر کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں برطانیہ میں ایرانی حکومت کی طرف سے سفیر ہونے کے ناطے اور اپنی قوم کے نمائندے کے طور پر کہتا ہوں یہ خبر جھوٹی ہے، اس خبر کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

حامد بیدی نژاد کا کہنا تھا کہ میں برطانوی حکومت کو کہنا چاہتا ہوں اس جھوٹی خبر پر ایکشن لیں، جس کا مقصد اشتعال انگیز اور افواہیں پھیلانا ہے۔

یاد رہے کہ تین جنوری کو امریکا کی طرف سے عراق کے دارالحکومت بغداد میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ ایک اہم دورے پر عراق پہنچے تھے۔ اس حملے کے دوران امریکا کی طرف سے حشد الشعبی ابو مہدی مہندث کو بھی قتل کر ڈالا تھا۔

عراقی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکی ہیلی کاپٹر نے دونوں کی کاروں کو نشانہ بنایا، اس ہلاکتوں کے بعد مشرق وسطی میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اپنے ٹویٹ میں کہہ چکے ہیں کہ اگر امریکی مفادات پر حملے ہوئے تو ایران کی 52 جگہوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے جہاں پر فوری طور پر حملے کیے جائیں گے۔