ابھرتے گلوکار ایاز شیخ اپنا نیا گانا 'دل تیرے بن' ریلیز کرنے کیلئے تیار

Published On 18 April,2025 03:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ابھرتے ہوئے گلوکار ایاز شیخ اپنا نیا گانا ‘دل تیرے بن’ ریلیز کرنے کیلئے تیار ہیں۔

ایاز شیخ نے حال ہی میں  آ سکو گی تم ،  سجدے  اور  مستی کے دن  کے لائیو ورژن سمیت کچھ گانے ریلیز کیے ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں سبی فیسٹیول میں شاندار پرفارمنس دی جس میں فنکار احمد جہانزیب، راحیل شاہ اور نمرہ مہرا بھی موجود تھیں، تقریب میں پاکستانی ثقافت کی نمائش کی گئی جہاں ایاز کی پرفارمنس نے حاضرین کے دل موہ لیے۔

کیریئر پر ایک نظر
موسیقی میں ایاز کا سفر بطور چائلڈ آرٹسٹ شروع ہوا اور پلے بیک، پاپ، ملی نغمے اور او ایس ٹی گانے میں ایک قابل ذکر نام بنایا، دلوں کو جوڑنے والی آواز اور جذبات کو چھونے والی دھن کے ساتھ ایاز حیدرآباد سے ایک جوہر بن کر چمکے۔

ایاز نے بطور چائلڈ آرٹسٹ ریڈیو پاکستان، حیدرآباد سے 2004 میں ڈیبیو کیا، انہوں نے 2007 سے 2015 تک استاد سلطان احمد خان سے باقاعدہ کلاسک میوزک کی تربیت حاصل کی۔

ابھرتے گلوکار نے AD-Studio میں بطور میوزک پروڈیوسر 2015 سے 2022 تک کام کیا جس نے اسے اپنی آواز کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مزید مدد کی۔

بعد ازاں ایاز نے 2019 اور 2022 کے درمیان اپنی تعلیم مکمل کرتے ہوئے وفاقی اردو یونیورسٹی میں ماس کمیونیکیشن کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سمیت مختلف نامور پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، ان کے مشہور گانوں میں اک آس، مولا، سجدے، میں تیرا، تم بن نہ ہی چین، آ سکو گی تم (2025 ریلیز) اور مستی کے دن (2025 ریلیز) شامل ہیں۔

ایاز نے ملی نغموں میں بھی اپنا نام بنایا ہے جبکہ انہیں ملک کی دو انتہائی قابل احترام شخصیات لیاقت علی خان اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اعزاز میں گانے کمپوز کرنے اور گانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔